5
المسیح کی آمد کا دِن
اَب، اَے بھائیوں اَور بہنوں! ہمیں وقت اَور تاریخوں کی بابت تُمہیں لکھنے کی کویٔی ضروُرت نہیں۔ کیونکہ تُم اَچھّی طرح جانتے ہو کہ خُداوؔند کے لَوٹنے کا دِن رات کے چور کی مانند اَچانک آ جایٔےگا۔ جَب لوگ کہہ رہے ہوں گے کہ اَب، ”اَمن اَور سلامتی ہے،“ اُسی وقت اُن پر اَچانک ہلاکت اِس طرح آ جائے گی جِس طرح حاملہ عورت کو دردِزہ شروع ہو جاتا ہے اَور وہ ہرگز نہ بچیں گے۔
لیکن اَے بھائیوں اَور بہنوں! تُم تاریکی میں نہ رہو کہ وہ دِن چور کی مانند اَچانک تُم پر آ جائے اَور تُمہیں حیرت میں ڈال دے۔ کیونکہ تُم سَب نُور کے فرزند اَور دِن کے فرزند ہو؛ ہم نہ تو رات کے ہیں اَور نہ تاریکی کے ہیں۔ لہٰذا ہم دُوسروں کی طرح سوتے نہ رہیں بَلکہ جاگتے اَور ہوشیار رہیں۔ کیونکہ جو سوتے ہیں وہ رات کو سوتے ہیں اَورجو متوالے ہوتے ہیں وہ بھی رات کو ہوتے ہیں۔ چونکہ ہم دِن کے ہیں اِس لیٔے ہم ایمان اَور مَحَبّت کا بکتر لگا کر اَور نَجات کی اُمّید کا خود یعنی ٹوپی* پہن کر ہوشیار رہیں۔ کیونکہ خُدا نے ہمیں اَپنے غضب کے لیٔے نہیں بَلکہ ہمارے خُداوؔند یِسوعؔ المسیح کے وسیلہ سے نَجات حاصل کرنے کے لیٔے مُقرّر کیا ہے۔ 10 اَور یِسوعؔ المسیح نے ہماری خاطِر اِس لیٔے جان دی کہ خواہ ہم زندہ ہوں یا مُردہ، ہم سَب مِل کر یِسوعؔ کے ساتھ ہی جئیں۔ 11 اِس لیٔے تُم ایک دُوسرے کی حوصلہ اَفزائی کرو اَور ترقّی کا باعث بنو، جَیسا کہ تُم کر بھی رہے ہو۔
آخِری نصیحت
12 اَب اَے بھائیوں اَور بہنوں! ہم تُم سے درخواست کرتے ہیں کہ اُن لوگوں کی قدر کرو جو تمہارے درمیان سخت محنت کرتے ہیں اَور خُداوؔند میں جو تمہارے پیشوا ہیں اَور تُمہیں نصیحت کرتے ہیں۔ 13 اُن کی خدمت کے سبب سے مَحَبّت کے ساتھ اُن کی خُوب عزّت کیا کرو۔ اَور آپَس میں ایک دُوسرے کے ساتھ اَمن اَور سلامتی سے رہو۔ 14 اَور اَے بھائیوں اَور بہنوں! ہم تُمہیں نصیحت کرتے ہیں کہ کاہل اَور بے قاعدہ چلنے والوں کو سمجھاؤ، بُزدل کو ہِمّت دو اَور کمزوروں کی مدد کرو اَور سَب کے ساتھ تحمُّل سے پیش آؤ۔ 15 خبردار! کویٔی شخص کسی سے بدی کے بدلے بدی نہ کرے بَلکہ ہر وقت آپَس میں اَور سَب کے ساتھ نیکی کرنے کی کوشش میں لگے رہو۔
16 ہر وقت خُوش رہو۔ 17 بِلا ناغہ دعا کرو۔ 18 ہر حالات میں شُکر گُزاری کرو کیونکہ خُداوؔند المسیح یِسوعؔ میں تمہارے لیٔے خُدا کی یہی مرضی ہے۔
19 پاک رُوح کو مت بُجھاؤ۔ 20 نبُوّتوں کی حقارت نہ کرو۔ 21 ہر بات کو آزماؤ، جو اَچھّی ہو اُسے پکڑے رہو۔ 22 ہر طرح کی بدی سے دُور رہو۔
23 اَمن کا خُدا خُود ہی تُمہیں مُکمّل طور سے پاک کرے؛ اَور تمہاری رُوح، جان اَور جِسم کو پُوری طرح ہمارے خُداوؔند یِسوعؔ المسیح کے آنے تک بے عیب محفوظ رکھے۔ 24 تمہارا بُلانے والا سچّا ہے۔ اَور وہ اَیسا ہی کرےگا۔
 
 
25 اَے بھائیوں اَور بہنوں! ہمارے لیٔے دعا کرتے رہنا۔
 
26 خُدا کے سَب مُقدّسین بھائیوں کو پاک بوسہ سے کے ساتھ میرا سلام کہنا۔
 
27 مَیں خُداوؔند کے نام سے تُمہیں ہدایت دیتا ہُوں کہ وہاں سَب بھائیوں اَور بہنوں کے سامنے یہ خط پڑھ کر سُنایا جائے۔
 
28 ہمارے خُداوؔند یِسوعؔ المسیح کا فضل تُم سَب پر ہوتا رہے۔
* 5:8 نَجات کی اُمّید کا خود یعنی ٹوپی اِسے خود بھی کہتے ہیں یعنی لوہے کی ٹوپی جسے فَوجی جنگ لڑتے وقت پہنتے تھے