تھِسّلُنیِکیوں
کے نام پَولُسؔ کا دُوسرا خط
1
پَولُسؔ، سِیلاسؔ اَور تِیمُتھِیُس کی جانِب سے،
تھِسلُنِیکے شہر کی جماعت کے نام خط* جو خُدا باپ اَور خُداوؔند یِسوعؔ المسیح کے نام سے کہلاتی ہے:
ہمارے خُدا باپ اَور خُداوؔند یِسوعؔ المسیح کی طرف سے تُمہیں فضل اَور اِطمینان حاصل ہوتا رہے۔
شُکر گُزاری اَور دعا
اَے بھائیو اَور بہنوں! تمہارے لیٔے خُدا کا شُکر اَدا کرتے رہنا ہمارا فرض ہے۔ اَیسا کرنا اِس لیٔے مُناسب ہے کہ تمہارا ایمان ترقّی پر ہے اَور تُم سَب کی باہمی مَحَبّت بھی بڑھتی جا رہی ہے۔ یہاں تک کہ ہم خُود خُدا کی جماعتوں کے درمیان فخر سے تمہارا ذِکر کرتے ہیں کہ ظُلم و سِتم اُٹھانے کے باوُجُود تُم بڑے صبر کے ساتھ اَپنے ایمان پر قائِم ہو۔
یہ خُدا کے حقیقی عدالت کی دلیل ہے کہ تُم خُدا کی بادشاہی کے لائق ٹھہروگے، جِس کی وجہ سے تُم تکلیف اُٹھا رہے ہو۔ خُدا کے نزدیک یہی اِنصاف ہے: بدلہ میں وہ تُم پر مُصیبت لانے والوں کو مُصیبت میں ڈالے گا اَور تُم مُصیبت اُٹھانے والوں کو، ہمارے ساتھ آرام دے گا۔ یہ اُس وقت ہوگا جَب خُداوؔند یِسوعؔ اَپنے زورآور فرشتوں کے ساتھ بھڑکتی ہُوئی آگ میں آسمان سے ظاہر ہوں گے۔ اَور اُنہیں سزا دیں گے جو خُدا کو نہیں جانتے اَور ہمارے خُداوؔند یِسوعؔ المسیح کی خُوشخبری کو نہیں مانتے۔ وہ ہمیشہ کے لیٔے ہلاک کر دئیے جایٔیں گے اَور خُداوؔند کے چہرہ اَور اُن کے قُدرت کے جلال کو کبھی نہ دیکھ سکیں گے 10 یہ اُن کی آمد کے دِن ہوگا جَب وہ اَپنے مُقدّس لوگوں میں جلال پائیں گے اَور تمام مُومِنین اُن کو دیکھ کر حیران رہ جایٔیں گے۔ اُن میں تُم بھی شامل ہوگے کیونکہ تُم ہماری گواہی پر ایمان لایٔے ہو۔
11 چنانچہ ہم تمہارے لیٔے مسلسل دعا کرتے رہتے ہیں کہ ہمارا خُدا تُمہیں اِس بُلاوے کے لائق سمجھے، اَور اَپنی قُدرت سے تمہاری ہر نیک خواہش پُوری کرے اَور تُمہیں ایمان سے کام کرنے کی تَوفیق دے۔ 12 تاکہ ہمارے خُداوؔند یِسوعؔ المسیح کا نام تمہارے سبب سے جلال پایٔے اَور تُم بھی اُس میں جلال پاؤ۔ یہ ہمارے خُدا اَور خُداوؔند یِسوعؔ المسیح کے فضل سے ہوگا۔
* 1:1 پَولُسؔ ہی ہے جِس نے یہ خط لِکھّا تھا، اَور سِلوانُسؔ اَور تِیمُتھِیُس صِرف آداب و تسلیمات میں پَولُسؔ کے ساتھ شامل ہُوئے تھے۔‏