2
غور کرنے کی اِنتباہ
1 چنانچہ جو باتیں ہم نے سُنیں ہیں اُن پر ہمیں خاص طور سے دِل لگا کر غور کرنا چاہئے تاکہ کہیں اَیسا نہ ہو کہ ہم بہک کر اُن سے دُور چلے جایٔیں۔
2 کیونکہ جو کلام فرشتوں کی مَعرفت سُنایا گیا تھا جَب وہ قائِم رہا اَور اُس کی ہر خطا اَور نافرمانی کی مُناسب سزا مِلی،
3 تو پھر ہم اِتنی بڑی نَجات کو نظرانداز کرکے کیسے بچ سکیں گے؟ کیونکہ اِس نَجات کا اعلان سَب سے پہلے خُداوؔند نے خُود کیا اَور پھر اِس کی تصدیق اُن لوگوں نے ہم سے کی جنہوں نے اُسے سیدھے خُداوؔند سے سُنی تھی۔
4 اَور ساتھ ہی خُدا بھی اَپنی مرضی کے مُوافق، الٰہی نِشانوں، حیرت اَنگیز کاموں، طرح طرح کے معجزوں اَور پاک رُوح کی نِعمتوں کو دینے کے ذریعہ سے خُود بھی اُس کی گواہی دیتا رہا۔
حُضُور یِسوعؔ ایک مُکمّل اِنسان
5 خُدا نے اُس آنے والے جہان کو جِس کا ہم ذِکر کر رہے ہیں، اُسے فرشتوں کے اِختیار میں نہیں کیا۔
6 جَیسا کہ کلامِ مُقدّس میں فرمایا گیا ہے:
”اِنسان کیا چیز ہے کہ تُو اُس کا خیال کرے،
اَور اِبن آدمؔ کیا ہے کہ تُو اُس کی خبرگیری کرے؟
7 آپ نے اُسے فرشتوں سے کچھ ہی کمتر بنایا؛
آپ نے اُس کے سَر پر جلال اَور عِزّت کا تاج پہنایا
8 خُدا نے سَب کچھ اُن کے قدموں کے نیچے کر دیا ہے۔“
جَب سَب کچھ اُن کے تابع کر دیا گیا، تو اِس کا مطلب ہے کہ کویٔی چیز نہ رہی، جو خُدا کے تابع نہیں خُدا نے بے شک ہمیں حال میں یہ بات نظر نہیں آتی کہ سَب چیزیں اُن کے تابع ہیں۔
9 البتّہ ہم یِسوعؔ کو دیکھتے ہیں جو فرشتوں سے کچھ ہی کمتر کیٔے گیٔے تھے، تاکہ وہ خُدا کے فضل سے، ہر اِنسان کے واسطے اَپنی جان دیں اَور چونکہ یِسوعؔ نے موت کا دُکھ سہا اِس لیٔے اَب اُنہیں عِزّت اَور جلال کا تاج پہنایا گیا ہے۔
10 کیونکہ یہی مُناسب تھا کہ خُدا جو سَب چیزیں کو خلق کرنے والا اَور اُنہیں محفوظ رکھنے والا ہے اُس نے یہ پکّا کر لیا تھا کہ وہ تمام فرزندوں کو اَپنی جلال میں شریک کرنے کے لیٔے اُن کی نَجات کے بانی یِسوعؔ کے دُکھ اُٹھانے کے ذریعہ سے کامل کرے۔
11 کیونکہ پاک کرنے والا اَور پاک ہونے والے دونوں ایک ہی اصل سے ہیں، اِسی باعث یِسوعؔ اُنہیں بھایٔی اَور بہن کہنے سے نہیں شرماتے۔
12 چنانچہ وہ فرماتے ہیں،
”میں اَپنے بھائیوں اَور بہنوں کے سامنے تیرے نام کا اعلان کروں گا؛
اَور جماعت میں تیری سِتائش کے نغمے گاؤں گا۔“
13 اَور پھر یِسوعؔ فرماتے ہیں
”میں اُس پر توکّل کروں گا۔“
اَور پھر یہ کہ
”میں یہاں ہُوں، اَور اُن فرزندوں کے ساتھ ہُوں جنہیں خُدا نے مُجھے دیا ہے۔“
14 جِس طرح فرزند خُون اَور گوشت والے اِنسان ہیں تو یِسوعؔ بھی خُود اُن کی مانند خُون اَور گوشت میں شریک ہو گیٔے تاکہ اَپنی موت کے وسیلہ سے اُسے یعنی اِبلیس کو جسے موت پر قُدرت حاصل تھی اُس کے اِس قُوّت کو نِیست کر دے۔
15 اَور اُنہیں جو زندگی بھر موت کے ڈر سے غُلامی میں گِرفتار تھے اُنہیں رِہائی بخشے۔
16 کیونکہ یہ بات حقیقت ہے کہ یِسوعؔ فرشتوں کا نہیں بَلکہ حضرت اَبراہامؔ کی نَسل کی مدد کرتے ہیں۔
17 پس یِسوعؔ کو ہر لِحاظ سے اَپنے بھائیوں کی مانند بننا لازمی تھا تاکہ وہ تمام اُمّت کے گُناہوں کا کفّارہ اَدا کرے اَور خُدا کی خدمت کے لِحاظ سے ایک رحم دِل اَور وفادار اعلیٰ کاہِن بنے۔
18 چنانچہ یِسوعؔ نے خُود اَپنی آزمائش کے دَوران دُکھ اُٹھائے تھے اِس لیٔے وہ اُن کی بھی مدد کر سکتے ہیں جِن کی آزمائش ہوتی ہے۔