3
حُضُور یِسوعؔ حضرت مَوشہ سے افضل ہیں
1 لہٰذا اَے مُقدّسین بھائیوں اَور بہنوں، تُم جو آسمانی بُلاوے میں شریک ہو، یِسوعؔ پر غور کرو جِن کا ہم اقرار رسول اَور اعلیٰ کاہِن کے طور پر کرتے ہیں۔
2 یِسوعؔ اَپنے مُقرّر کرنے والے خُداتعالیٰ کے حق میں اُسی طرح مُکمّل طور سے وفادار تھے جِس طرح حضرت مَوشہ خُدا کے سارے گھرانے میں وفادار تھے۔
3 کیونکہ جِس طرح گھر کا بنانے والا گھر کی نِسبت زِیادہ عزّت کے لائق سمجھا جاتا ہے۔ اُسی طرح یِسوعؔ بھی حضرت مَوشہ سے زِیادہ عزّت و اِحترام کے لائق سمجھے گیٔے۔
4 چنانچہ ہر گھر کا کویٔی نہ کویٔی بنانے والا ضروُر ہوتاہے مگر سَب چیزوں کا بنانے والا خُدا ہے۔
5 جو شہادتیں مُستقبِل میں واقع ہونے والی تھیں، ”اُن کا اعلان کرنے میں خُدا کے سارے گھر میں حضرت مَوشہ ایک خادِم کے طور پر وفادار تھے۔“
6 مگر المسیح بیٹا ہونے کی حیثیت سے خُدا کے گھر کا مُختار ہیں اَور خُدا کا گھر ہم لوگ ہیں؛ بشرطیکہ ہم اَپنی دِلیری اَور اُس اُمّید کو مضبُوطی سے قائِم رکھیں جِس پر ہم فخر کرتے ہیں۔
کُفر کے خِلاف تنبیہ
7 چنانچہ جَیسا کہ پاک رُوح فرماتا ہے،
”اگر، آج تُم اُس کی آواز سُنو،
8 تو اَپنے دِلوں کو سخت نہ کرو
جِس طرح بیابان میں تمہارے آباؤاَجداد نے،
خُدا کے خِلاف بغاوت کی،
9 جہاں تمہارے باپ دادا نے مُجھے آزمایا اَور میرا اِمتحان لیا،
حالانکہ اُنہُوں نے چالیس بَرس تک میرے معجزے دیکھے۔
10 اِس لیٔے میں اُس پُشت سے ناراض رہا؛
اَور مَیں نے کہا، ’اِن کے دِل ہمیشہ گُمراہ ہوتے رہتے ہیں،
اَور اِنہُوں نے میری راہوں کو نہیں پہچانا۔‘
11 چنانچہ مَیں نے اَپنے قہر میں قَسم کھائی،
’یہ لوگ میری اُس آرامگاہ میں ہرگز داخل نہ ہوں گے۔‘ “
12 اَے بھائیوں اَور بہنوں، خبردار! تُم میں سے کسی کا اَیسا بُرا اَور بےاِعتقاد دِل نہ ہو، جو زندہ خُدا سے برگشتہ ہو جائے۔
13 بَلکہ جِس روز تک آج کا دِن کہا جاتا ہے، ہر روز ایک دُوسرے کو نصیحت کرتے رہو تاکہ تُم میں سے کویٔی شخص گُناہ کے فریب میں آکر سخت دِل نہ ہو جائے۔
14 کیونکہ ہم المسیح میں شریک ہو چُکے ہیں، بشرطیکہ اَپنے اِبتدائی اُمّید پر آخِر تک مضبُوطی سے قائِم رہیں۔
15 جَیسا کہ مزکورہ کلام میں فرمایا گیا ہے:
”اگر، آج تُم اُس کی آواز سُنو،
تو اَپنے دِلوں کو سخت نہ کرو
جِس طرح بیابان میں بغاوت کے وقت کیا تھا۔“
16 وہ لوگ کون تھے جنہوں نے خُدا کی آواز سُن کر بھی بغاوت کی؟ کیا وہ سَب وُہی نہیں تھے جو حضرت مَوشہ کی رہنمائی میں مِصر سے باہر نکلے تھے؟
17 اَور خُدا کِن لوگوں سے چالیس بَرس تک ناراض رہا؟ کیا اُن لوگوں سے نہیں جنہوں نے گُناہ کیا اَور اُن کی لاشیں بیابان میں پڑی رہیں؟
18 اَور جِن کے بارے میں خُدا نے قَسم کھائی کہ جنہوں نے نافرمانی کی تھی وہ میرے آرام میں ہرگز داخل نہ ہونے پائیں گے؟
19 چنانچہ ہم دیکھتے ہیں کہ وہ ایمان نہ لانے کی وجہ سے خُدا کے آرام میں داخل نہ ہو سکے۔