32
راستبازی کی بادشاہت
دیکھو، ایک بادشاہ راستبازی سے حُکومت کرےگا
اَور حاکم اِنصاف سے حُکومت کریں گے۔
ہر ایک شخص آندھی سے بچنے کی جگہ کی مانند
اَور طُوفان سے پناہ پانے کی جگہ،
یا بیابان میں پانی کی دریاؤں کی طرح
اَور شدید حرارت والے ریگستانی مُلک میں ایک بڑی چٹّان کے سایہ کی مانند ہوگا۔
 
تَب دیکھنے والوں کی آنکھیں بند نہ ہوں گی،
اَور سُننے والوں کے کان خُوب سُنیں گے۔
جلد بازوں کے دِل سمجھ حاصل کریں گے،
اَور لڑکھڑاتی زبان کی روانی اَور صَاف ہوگی۔
احمق پھر کبھی شریف نہ کہلائے گا
نہ ہی بدمعاش کا اِحترام کیا جائے گا۔
کیونکہ احمق حماقت کی باتیں کرتا ہے،
اُس کا دِل بدی کے منصُوبے باندھتا رہتاہے:
وہ بے دینی کے کام کرتا ہے
اَور یَاہوِہ کے خِلاف دروغ گوئی کرتا ہے؛
بھُوکے کو خالی پیٹ رکھتا ہے
اَور پیاسے کو پانی نہیں پلاتا۔
بدمعاش کے ضوابط بُرے ہوتے ہیں،
وہ بُرے منصُوبے باندھتا ہے
تاکہ غریب کو جھُوٹی باتوں سے ہلاک کرے،
جَب کہ اُس ضروُرت مند کی درخواست راستباز ہو۔
لیکن شریف آدمی نیک منصُوبے رکھتا ہے،
اَور اَپنے نیک اعمال کی بنا پر قائِم رہتاہے۔
یروشلیمؔ کی عورتیں
اَے عورتوں! تُم جو آسُودہ ہو،
اُٹھو اَور میری سُنو؛
اَے بے فکر بیٹیوں،
میری باتوں پر کان لگاؤ!
10 سال بھر سے کچھ ہی زِیادہ عرصہ میں
تُم جو محفوظ محسُوس کرتی ہو، کانپ اُٹھو گی؛
کیونکہ نہ تو انگور کی فصل ہوگی،
اَور نہ درختوں میں پھل لگیں گے۔
11 کانپو، اَے آسُودہ عورتوں؛
تھرتھراؤ، اَے بےپروا بیٹیوں! خود کو محفوظ محسُوس کرتی ہو
اَپنے کپڑے اُتار دو
اَور اَپنی کمر پر ٹاٹ باندھو۔
12 خُوشنما کھیتوں، اَور پھلدار انگور کی بَیلوں کے لیٔے،
اَپنی چھاتِیاں پیٹو
13 اَور میرے لوگوں کی سرزمین کے لیٔے بھی،
جِس میں کثرت سے کانٹے اَور جھاڑیاں اُگی ہُوئی ہیں
ہاں تمام عشرت گھروں کے لیٔے اَور اُس پُر رونق شہر کے لیٔے ماتم کرو۔
14 محل چھوڑ دیا جائے گا،
شور و غُل والا شہر خالی ہو جائے گا؛
پہاڑی کا قلعہ اَور پہرے کے بُرج ہمیشہ کے لیٔے ویران ہو جایٔیں گے،
اَور گورخروں کی آرامگاہیں اَور گلّوں کی چراگاہیں وہ جایٔیں گے،
15 جَب تک عالمِ بالا سے ہم پر رُوح نازل نہ ہو،
اَور بیابان زرخیز کھیت نہ بَن جائے،
اَور زرخیز کھیت ایک جنگل کی طرح ہو جائے گا۔
16 اَور یَاہوِہ کا اِنصاف بیابان میں بسے گا،
اَور راستی زرخیز کھیت میں رہا کرےگی۔
17 اَور راستبازی کا پھل اَمن ہوگا؛
اَور اُس کا اثر اَبدی سکون اَور اِطمینان ہوگا۔
18 میرے لوگ پُرامن رہائش گاہوں میں،
محفوظ گھروں میں،
میں رہیں گے۔ محفوظ اَور مُستحکم رہیں گے۔
19 حالانکہ اولے جنگل کو تباہ کر دیتے ہیں
اَور شہر مُکمّل طور پر پست ہو جاتا ہے،
20 لیکن تُم کس قدر مُبارک ہو،
جو ہر نہر کے آس پاس بیج بوتے ہو،
اَپنے مویشی اَور گدھے کو آزادی سے چراتے ہو۔