یُوایلؔ
کی نبُوّت
1
1 یَاہوِہ کا کلام جو پتھوایلؔ کے بیٹے یُوایلؔ پر نازل ہُوا۔
ٹِڈّیوں کا حملہ
2 اَے رہنماؤں سُنو؛
اَے مُلک کے تمام باشِندو کان لگا کر میری بات سُنو۔
کیا تمہارے یا، آپ کے آباؤاَجداد کے زمانے میں؟
تمہارے آباؤاَجداد کے ایّام میں کبھی اَیسا ہُوا؟
3 اَپنی اَولاد سے اُس کا تذکرہ کرو،
اَور تمہاری اَولاد اَپنی اَولاد کو،
اَور اُن کی اَولاد آنے والی نَسل کو بتائیں۔
4 جو کچھ ٹِڈّیوں کے غول سے بچا
اُسے بڑی ٹِڈّیوں نے کھا لیا؛
اَورجو بڑی ٹِڈّیوں نے چھوڑ دیا
اُسے جَوان ٹِڈّیوں نے کھا لیا؛
اَورجو جَوان ٹِڈّیوں نے چھوڑ دیا
اُسے دُوسری ٹِڈّیوں نے کھا لیا۔
5 اَے متوالوں، جاگو اَور رو!
اَے مَے نوشی کرنے والوں، ماتم کرو؛
نئی مَے کی خاطِر ماتم کرو،
کیونکہ وہ تمہارے لبوں سے چھین لی گئی ہے۔
6 ایک قوم نے میرے مُلک پر حملہ کر دیا ہے؛
اُن کی زبردست فَوج اَور تعداد میں بے شُمار ہے؛
اُن کے دانت شیرببر کے دانتوں کی مانند ہیں،
اَور اُن کی داڑھیں شیرنی کی داڑھوں کے مانند ہیں۔
7 اُس قوم نے میری انگور کی بَیلوں کو اُجاڑ ڈالا
اَور میرے اَنجیر کے درختوں کو تباہ کر دیا ہے۔
اُنہُوں نے اُن کی چھال چھیل ڈالی
اَور اُنہیں پھینک دیا ہے،
جِس سے اُن کی شاخیں سفید ہو گئیں ہیں۔
8 جِس طرح دُلہن اَپنے جَوان خَاوند کے لئے ٹاٹ پہن کر ماتم کرتی ہے
ٹھیک اُسی طرح تُم بھی ماتم کرو۔
9 اناج کی نذریں اَور تپاون نذریں،
یَاہوِہ کے گھر سے موقُوف ہو چُکے ہیں۔
یَاہوِہ کی حُضُوری میں خدمت گذار کاہِنؔ
ماتم کر رہے ہیں۔
10 کھیت تباہ ہو گئے،
اَور زمین خشک ہو گئی؛
اناج برباد ہو گیا،
اَور نئی مَے سُوکھ گئی،
اَور زَیتُون کا تیل ختم ہو گیا۔
11 اَے کِسانوں، مایوس ہو جاؤ،
اَے تاکستان کے باغبانوں، نوحہ کرو؛
گیہُوں اَور جَو کے لیٔے ماتم کرو،
کیونکہ کھیتوں کی فصل برباد ہو چُکی ہیں۔
12 انگور کی بیل سُوکھ گئی
اَور اَنجیر کا درخت مُرجھاگیا؛
انار، کھجور اَور سیب کے درخت
الغرض کھیت کے تمام درخت سُوکھ گیٔے ہیں۔
یقیناً بنی آدمؔ کی خُوشی بھی
مُرجھا گئی ہے۔
نوحہ خوانی
13 اَے کاہِنوں، ٹاٹ پہن لو اَور ماتم کرو؛
اَے مذبح کے خدمت گزارو، ماتم کرو۔
اَے میرے خُدا کے خدمت گزارو،
آؤ اَور ٹاٹ اوڑھے ہُوئے رات گُزارو؛
کیونکہ اناج کی نذر اَور تپاون کی نذر کی قُربانیاں
تمہارے خُدا کے گھر سے موقُوف ہو چُکے ہیں۔
14 مُقدّس روزہ کا اعلان کرو؛
اَور مُقدّس اِجتماع طلب کرو۔
رہنماؤں کو
اَور مُلک کے تمام باشِندوں کو
یَاہوِہ اَپنے خُدا کے گھر میں آنے کا فرمان سُناؤ،
اَور یَاہوِہ سے فریاد کرو۔
15 اُس دِن پر افسوس!
کیونکہ یَاہوِہ کا دِن نزدیک ہے،
اَور وہ قادرمُطلق کی طرف سے تباہی کی مانند آئے گا۔
16 کیا ہماری اَپنی آنکھوں کے سامنے
رسد موقُوف نہیں ہُوئی۔
اَور ہمارے خُدا کے گھر سے
خُوشی اَور شادمانی جاتی نہ رہی؟
17 مٹّی کے ڈھیلوں کے نیچے
بیج جھُلس گیٔے۔
گودام خستہ حال ہیں،
اَور کھتّے توڑ دئیے گیٔے ہیں،
کیونکہ کھیتی سُوکھ گی ہے۔
18 مویشی کیسے کراہ رہے ہیں!
ریوڑ چکّر کاٹ رہے ہیں
کیونکہ اُن کے لیٔے چراگاہ نہیں ہے؛
یہاں تک کہ بھیڑوں کے گلّے بھی بدحال ہیں۔
19 اَے یَاہوِہ، مَیں آپ کے حُضُور میں فریاد کرتا ہُوں،
کیونکہ آگ نے بیابان کی چراگاہوں کو بھسم کر ڈالا ہے
اَور شُعلوں نے جنگل کے تمام درختوں کو جَلا ڈالا ہے۔
20 یہاں تک کی جنگلی جانور بھی آپ کے لیٔے ہانپتے ہیں؛
پانی کے چشمے سُوکھ چُکے ہیں
اَور آگ نے بیابان کی چراگاہوں کو بھسم کر ڈالا ہے۔