20
گُناہ کی سزا
پھر یَاہوِہ نے مَوشہ سے فرمایا، ”بنی اِسرائیل سے کہو: ’کویٔی اِسرائیلی یا اِسرائیل میں رہنے والا کویٔی پردیسی جو اَپنی اَولاد میں سے کسی کو مولکؔ بُت کے لیٔے قُربانی کرے، تو وہ ضروُر جان سے ماراجائے۔ جماعت کے لوگ اُسے سنگسار کریں۔ اَور مَیں بھی اُس شخص کا مُخالف ہوؤں گا اَور اُسے اُس کے لوگوں میں سے فنا کر دُوں گا کیونکہ اُس نے اَپنے بچّوں کو مولکؔ کے لیٔے قُربانی کرکے میرے پاک مَقدِس کو ناپاک کیا ہے اَور میرے پاک نام کی بےحُرمتی کی ہے۔ اَور جِس وقت وہ شخص اَپنی اَولاد میں سے کسی کو مولکؔ کے لیٔے قُربانی کرے اَور جماعت کے لوگ چشم پوشی کرکے اُسے جان سے نہ ماریں، تو میں خُود اُس شخص اَور اُس کے گھرانے کا مُخالف ہو جاؤں گا، اَور اُسے اَور اُن سَب کو قوم میں سے فنا کر دُوں گا جو مولکؔ کی پیروی کرکے زناکاری کرتے ہیں اَور اُس شخص کا ساتھ دیتے ہیں۔
” ’اَورجو شخص حاضراتیوں اَور اَرواح پرستوں سے بات کرنے والوں کے پاس جایٔے اَور اُن کی طرف رُجُوع کرکے زناکاری کرے، تو میں اُس کا مُخالف ہوؤں گا اَور اُسے اُس کے لوگوں میں سے خارج کر دُوں گا۔
” ’لہٰذا تُم اَپنی تقدیس کرکے پاک ہو جاؤ کیونکہ مَیں یَاہوِہ تمہارا خُدا ہُوں۔ اَور تُم میرے قوانین کو مانو اَور اُن پر عَمل کرو کیونکہ مَیں یَاہوِہ ہُوں جو تُمہیں پاک کرتا ہُوں۔
” ’اَور اگر کویٔی اَپنے باپ یا ماں پر لعنت کرے وہ ضروُر جان سے مار ڈالا جائے۔ کیونکہ اُس نے اَپنے باپ یا ماں پر لعنت کی ہے، چنانچہ اُن کا خُون اُس کی گردن پر ہوگا۔
10 ” ’اَور اگر کویٔی شخص کسی دُوسرے شخص کی بیوی سے یعنی اَپنے پڑوسی کی بیوی سے زنا کرے تو زانی اَور زانیہ دونوں کو جان سے ضروُر مار دیاجایٔے۔
11 ” ’اگر کویٔی شخص اَپنی سَوتیلی ماں سے ہم بِستری کرتا ہے، تو اُس نے اَپنے باپ کی بےحُرمتی کی ہے؛ چنانچہ مَرد اَور عورت دونوں کو جان سے مار دیاجایٔے؛ اُن کا خُون اُن ہی کی گردن پر ہوگا۔
12 ” ’اَور اگر کویٔی شخص اَپنی بہُو سے ہم بِستر ہوتاہے تو اُن دونوں کو جان سے مار دیا جائے؛ کیونکہ اُنہُوں نے نہایت مکرُوہ کام کیا ہے اَور اُن کا خُون اُن ہی کی گردن پر ہوگا۔
13 ” ’اگر کویٔی شخص کسی مَرد سے صحبت کرے جَیسا کہ عورت سے کیا جاتا ہے تو اُن دونوں نے نہایت مکرُوہ کام کیا ہے۔ لہٰذا وہ دونوں ضروُر جان سے مار دئیے جایٔیں۔ اُن کا خُون اُن ہی کی گردن پر ہوگا۔
14 ” ’اَور اگر کویٔی شخص کسی عورت اَور اُس کی ماں دونوں سے شادی کرے تو یہ بڑی بدکاری ہے۔ چنانچہ اُن تینوں کو آگ میں جَلا دیاجایٔے تاکہ تمہارے درمیان بدکاری نہ رہے۔
15 ” ’اَور اگر کویٔی مَرد کسی جانور سے صحبت کرے تو وہ جان سے مار دیا جائے اَور اُس جانور کو بھی زندہ نہ چھوڑا جائے۔
16 ” ’اگر کویٔی عورت کسی جانور سے صحبت کرے، تو اُس عورت اَور اُس جانور دونوں کو ضروُر مار ڈالنا۔ لہٰذا وہ دونوں ضروُر جان سے مار دئیے جایٔیں۔ اُن کا خُون اُن ہی کی گردن پر ہوگا۔
17 ” ’اگر کویٔی شخص اَپنی بہن سے شادی کر لے جو اُس کے باپ کی یا اُس کی سَوتیلی ماں کی بیٹی ہو اَور وہ مباشرت کرے تو یہ شرمناک بات ہے۔ لہٰذا وہ دونوں اَپنے لوگوں کی آنکھوں کے سامنے قتل کیا جائے۔ کیونکہ اُس نے اَپنی بہن کو بےحُرمت کیا۔ اُس کا گُناہ اُسی کے سَر لگے گا۔
18 ” ’اگر کویٔی شخص کسی عورت کے دَورانِ حَیض اُس سے ہم بِستر ہو اَور اُس سے مباشرت کرے تو اُس نے اُس کے خُون کے چشمہ کو کھولا ہے اَور اُس عورت نے بھی اَپنے چشمہ کو کھُلوایا ہے۔ لہٰذا وہ دونوں اَپنے لوگوں میں سے خارج کیٔے جایٔیں۔
19 ” ’تُم اَپنی خالہ یا پھوپھی کے ساتھ ہم بِستری نہ کرنا کیونکہ جو اَیسا کرتا ہے وہ اَپنے ہی قریبی رشتہ دار کی بےحُرمتی کرتا ہے؛ لہٰذا وہ دونوں گُنہگار ہیں اَور اُن کا گُناہ اُن ہی کے سَر پر ہوگا۔
20 ” ’اَور اگر کویٔی شخص اَپنی چچی یا تائی سے ہم بِستری کرتا ہے، تو اُس نے اَپنے چچا یا تاؤ کی بےحُرمتی کی ہے۔ وہ دونوں اَپنے گُناہ کی سزا پائیں گے اَور وہ بے اَولاد مَریں گے۔
21 ” ’اگر کویٔی شخص اَپنے بھایٔی کی بیوی سے شادی کرے تو یہ ناپاک عَمل ہے۔ کیونکہ اُس نے اَپنے بھایٔی کی توہین کی ہے۔ چنانچہ وہ بے اَولاد رہ جایٔیں گے۔
22 ” ’لہٰذا تُم میرے سَب قوانین اَور آئین کو ماَننا اَور اُن پر عَمل کرنا تاکہ وہ مُلک جہاں میں تُمہیں بسانے کو لیٔے جا رہا ہُوں تُمہیں اُگل نہ دے۔ 23 اَور تُم اُن قوموں کے رسم و رِواج پر عَمل نہ کرنا جنہیں تمہارے سامنے بے دخل کرنے جا رہا ہُوں۔ کیونکہ اُنہیں نے اِسی طرح کے مکرُوہ کام کیٔے ہیں۔ چنانچہ مُجھے اُن سے نفرت ہو گئی ہے۔ 24 لیکن مَیں نے تُم سے فرمایا، ”تُم اُن کے مُلک پر قابض ہوگے؛ اَور مَیں تُمہیں وہ مُلک بطور مِیراث دُوں گا، جِس میں دُودھ اَور شہد کثرت سے پایا جاتا ہے۔“ مَیں یَاہوِہ تمہارا خُدا ہُوں، جِس نے تُمہیں دیگر قوموں سے الگ کیا ہے۔
25 ” ’چنانچہ تُم پاک اَور ناپاک جانوروں میں اَور پاک اَور ناپاک پرندوں میں اِمتیاز کرنا۔ اَور کسی جانور، پرندے یا زمین پر رینگنے والے کسی جاندار سے جنہیں مَیں نے تمہارے لیٔے ناپاک ٹھہرا کر الگ کیا ہے، اُن سے خُود کو نجِس نہ کرنا۔ 26 اَور تُم میرے لیٔے پاک بنے رہنا کیونکہ مَیں جو یَاہوِہ ہُوں پاک ہُوں؛ اَور مَیں نے تُمہیں دیگر قوموں سے الگ کیا ہے تاکہ تُم میری خاص قوم بنے رہو۔
27 ” ’اگر تمہارے درمیان کویٔی عورت یا مَرد جادُوگر یا اَرواح سے بات کرانے والا ہو، تو وہ ضروُر جان سے مار دیا جائے۔ تُم اُنہیں سنگسار کرنا؛ اَور اُن کا خُون اُن ہی کی گردن پر ہوگا۔‘ “