4
خُدا کے لیٔے زندگی بسر کرنا
1 پس جَب کہ المسیح نے جِسم کے اِعتبار سے دُکھ اُٹھایا تھا لہٰذا تُم بھی اَیسے ہی اِرادے سے مُسلّح ہو جاؤ کیونکہ جِس نے جِسم کے اِعتبار سے دُکھ اُٹھایا اُس نے گُناہ سے فراغت پائی۔
2 اِس لیٔے اَب سے تمہاری باقی جِسمانی زندگی نَفسانی خواہشات کو پُورا کرنے میں نہیں بَلکہ خُدا کی مرضی کے مُطابق گُزرے۔
3 کیونکہ تُم نے ماضی میں اَپنی زندگی کا بیشتر حِصّہ غَیریہُودیوں کی طرح شہوت پرستی، بدخواہشات، شراب نوشی، ناچ رنگ، نشہ بازی اَور مکرُوہ قِسم کی بُت پرستی میں گزار دیا۔
4 اَور اَب وہ تعجُّب کرتے ہیں کہ تُم بدچلنی اَور عیّاشی میں اُن کا ساتھ نہیں دیتے ہو اِس لیٔے اَب وہ تمہاری بُرائی کرتے رہتے ہیں۔
5 لیکن اُنہیں اُسی خُدا کو حِساب دینا پڑےگا جو زندہ اَور مُردوں کا اِنصاف کرنے کو تیّار ہے۔
6 کیونکہ مُردوں کو بھی خُوشخبری اِسی لیٔے سُنایٔی گئی تھی کہ جِسم کے لِحاظ سے تو اُن کا اِنصاف اِنسانی پیمانہ کے مُطابق ہو، لیکن اَپنی رُوح میں وہ خُدا کی مرضی کے مُطابق زندہ رہیں۔
7 دُنیا کے خاتِمہ کا وقت نزدیک آ گیا ہے۔ اِس لیٔے ہوشیار رہو، اَور سرگرم ہوکر خُوب دعا کرو۔
8 سَب سے اہم بات یہ ہے کہ آپَس میں ایک دُوسرے سے گہری مَحَبّت رکھو، کیونکہ مَحَبّت بہت سے گُناہوں پر پردہ ڈال دیتی ہے۔
9 بغیر بُڑبُڑائے ایک دُوسرے کی مہمان نوازی میں لگے رہو۔
10 خُدا نے تُم میں سے ہر ایک کو الگ الگ رُوحانی نِعمتیں عطا کی ہیں لہٰذا اُن مُختلف نِعمتوں کو وفادار مُختاروں کی مانند ایک دُوسرے کی خدمت کرنے میں اِستعمال کرو۔
11 اگر کویٔی کچھ بَیان کرے تو اِس طرح کرے گویا خُداوؔند کا کلام پیش کر رہاہے۔ اگر کویٔی خدمت کرے تو وہ خُدا سے قُوّت پا کر اُسے اَنجام دے تاکہ سَب باتوں میں یِسوعؔ المسیح کے وسیلہ سے خُدا کا جلال ظاہر ہو۔ خُدا کا جلال اَور اُن کی سلطنت ابدُالآباد تک ہوتی رہے۔ آمین۔
مسیحی ہونے کے باعث دُکھ اُٹھانا
12 اَے عزیزوں! مُصیبت کی آگ جو تُم میں بھڑک اُٹھی ہے وہ تمہاری آزمائش کے لیٔے ہے۔ اِس کی وجہ سے تعجُّب نہ کرو کہ تمہارے ساتھ کویٔی عجِیب بات ہو رہی ہے۔
13 بَلکہ خُوشی مناؤ کی تُم المسیح کے دُکھوں میں شریک ہو رہے ہو۔ تاکہ جَب اُن کا جلال ظاہر ہو، تو تُم اَور بھی نہایت خُوش و خُرّم ہو سکو۔
14 اگر المسیح کے نام کے سبب سے تمہاری ملامت کی جاتی ہے تو تُم مُبارک ہو، کیونکہ جلال کا رُوح جو خُدا کا رُوح ہے تُم پر سایہ کیٔے ہویٔے ہے۔
15 لیکن اَیسا نہ ہو کہ تُم میں سے کویٔی شخص کسی کا قتل، چوری، بدکاری یا دُوسروں کے کام میں دخل دینے کی وجہ سے دُکھ اُٹھائے۔
16 لیکن اگر کوئی مسیحی ہونے کی وجہ سے دُکھ اُٹھائے تو شرمندہ نہ ہو بَلکہ خُدا کی تمجید کرے کہ وہ مسیحی کہلاتا ہے۔
17 کیونکہ وہ وقت آ پہُنچا ہے کہ خُدا کے گھر سے ہی عدالت شروع ہو، اَور جَب اُس کی اِبتدا ہم ہی سے ہوگی تو اُن کا اَنجام کیا ہوگا جو خُدا کی خُوشخبری کو نہیں مانتے ہیں؟
18 اَور
”اگر راستباز ہی مُشکل سے نَجات پایٔےگا،
تو پھر بے دین اَور گُنہگار کا حَشر کیا ہوگا؟“
19 پس جو لوگ خُدا کی مرضی کے مُوافق دُکھ اَور تکلیف اُٹھاتے ہیں، وہ نیکی کرتے ہویٔے اَپنے آپ کو وفادار خالق کے ہاتھوں میں سُپرد کر دیں۔