5
بُزرگوں اَور جماعت کو نصیحت
تُم میں جو جماعت کے بُزرگ ہیں، مَیں اُن کی مانند ایک ہم بُزرگ اَور المسیح کے دُکھوں کا چشم دید گواہ اَور اُس کے ظاہر ہونے والے جلال میں شریک ہوکر اُن سے یہ درخواست کرتا ہُوں۔ تُم خُدا کے اُس گلّہ کی گلّہ بانی کرو جو تمہارے سُپرد کیا گیا ہے، لاچاری سے نہیں بَلکہ خُدا کی مرضی اَور اَپنی خُوشی سے نگہبانی کرو؛ اِس خدمت کو ناجائز نفع کے مقصد سے نہیں بَلکہ دِلی شوق سے اَنجام دو۔ اَورجو لوگ تمہارے سُپرد کیٔے گیٔے ہیں اُن پر حُکومت مت کرنا بَلکہ گلّہ کے لیٔے عُمدہ نمونہ بنو اَور جَب اعلیٰ گلّہ بان یعنی المسیح ظاہر ہوں گے تو تُم اَیسا جلالی سِہرا پاؤگے جو کبھی نہیں مُرجھائے گا۔
اِسی طرح اَے جَوانوں، تُم بھی اَپنے بُزرگوں کے تابع رہو۔ بَلکہ سَب کے سَب ایک دُوسرے کی خدمت کے لیٔے فروتنی سے کمربستہ رہو، کیونکہ،
”خُدا مغروُروں کا مُقابلہ کرتا ہے
مگر حلیموں پر مہربانی کرتا ہے۔“*
پس خُدا کے قوی ہاتھ کے نیچے حلیمی سے رہو، تاکہ وہ مُناسب وقت پر تُمہیں سربُلند کرےگا۔ اَپنی ساری فکریں اُس خُدا پر ڈال دو کیونکہ وہ تمہاری فکر کرتا ہے۔
ہوشیار اَور خبردار رہو کیونکہ تمہارا دُشمن اِبلیس دھاڑتے ہُوئے شیرببر کی مانند ڈھونڈتا پھرتاہے کہ کِس کو پھاڑ کھائے۔ تُم ایمان میں مضبُوط ہوکر اَور یہ جان کر اُس کا مُقابلہ کرو کہ تمہارے مسیحی مُومِنین بھایٔی اَور بہن جو اِس دُنیا میں ہیں وہ بھی اَیسے ہی دُکھ اُٹھا رہے ہیں۔
10 اَور اَب خُدا جو سارے فضل کا سرچشمہ ہے، جِس نے تُمہیں المسیح یِسوعؔ میں اَپنے دائمی جلال میں شریک ہونے کے لیٔے بُلایا ہے، تمہارے تھوڑی دیر تک دُکھ اُٹھانے کے بعد، خُدا آپ ہی تُمہیں کامِل اَور قائِم اَور مضبُوط کر دے گا۔ 11 خُدا کی سلطنت ابدُالآباد تک ہوتی رہے۔ آمین۔
 
آخِری سلام و مُبارکبادی
12 مَیں نے تُمہیں یہ مُختصر خط سِلوانُسؔ یعنی سِیلاسؔ کی مدد سے لِکھّا ہے، جسے میں وفادار بھایٔی سمجھتا ہُوں تاکہ تمہاری حوصلہ اَفزائی ہو اَور مَیں یہ تصدیق کرتا ہوں کہ خُدا کا سچّا فضل یہی ہے، اِس پر قائِم رہنا۔
 
13 بابیل میں تمہاری طرح ایک برگُزیدہ جماعت ہے جو تُمہیں سلام کہتی ہے۔ میرا بیٹا مرقُسؔ بھی تُمہیں سلام کہتاہے۔
14 ایک دُوسرے کو مَحَبّت سے چُوم کر سلام کرو۔
 
تُم سَب کو جو المسیح میں ہو اِطمینان حاصل ہوتا رہے۔
* 5:5 امثا 3‏:34‏ 5:14 چُوم کر زمانہ قدیم میں ایک دُوسرے کو چُوم کر سلام کرنے کا دستور تھا۔ لیکن آج مُختلف طریقہ سے اِسے اَنجام دیا جاتا ہے۔‏