پطرس
کا دُوسرا خط
1
شمعُونؔ پطرس کی جانِب سے جو یِسوعؔ المسیح کا خادِم اَور رسول ہے،
اُن لوگوں کے نام خط، جنہوں نے ہمارے خُدا اَور مُنجّی یِسوعؔ المسیح کی راستبازی کے وسیلہ سے ہماری طرح بیش قیمتی ایمان پایا ہے۔
خُدا باپ اَور ہمارے خُداوؔند یِسوعؔ کی پہچان کے سبب سے تُمہیں فضل اَور اِطمینان کثرت سے حاصل ہوتا رہے۔
مُومِنین کا بُلایا جانا اَور مُنتخب کرنا
خُدا کی الٰہی قُدرت نے ہمیں وہ سَب کچھ عطا کیا ہے جو خُداپرست زندگی کے لیٔے ضروُری ہے، اَور ہمیں یہ سَب کچھ اُن کی پہچان کے وسیلہ سے بخشا گیا ہے، جِس نے ہمیں اَپنے خاص جلال اَور نیکی کے ذریعہ بُلایا ہے۔ اِنہیں کے ذریعہ خُدا نے ہم سے عظیم اَور بیش قیمتی وعدے کیٔے ہیں تاکہ تُم دُنیا کی بُری خواہشات سے پیدا ہونے والی خرابی سے آزاد ہوکر ذاتِ الٰہی میں شریک ہو سکو۔
لہٰذا ہر ممکن کوشش کرو کہ تمہارے ایمان میں اَخلاق کا، اَخلاق میں علم کا، علم میں پرہیزگاری کا، پرہیزگاری میں صبر کا، صبر میں خُدا پرستی کا، خُدا پرستی میں برادرانہ اُلفت کا اَور برادرانہ اُلفت میں مَحَبّت کا اِضافہ کرتے چلے جاؤ۔ کیونکہ اگر یہ خُوبیاں تمہارے اَندر مَوجُود ہیں اَور اِن میں اِضافہ ہوتا جا رہاہے تو تُم ہمارے خُداوؔند یِسوعؔ المسیح کے مُکمّل علم میں بیکار اَور بے پھل نہیں ہوگے۔ لیکن جِس میں یہ خُوبیاں مَوجُود نہیں ہیں وہ اَندھا یا کوتاہ نظر والا ہے اَور بھُول بیٹھا ہے کہ اُس کے پچھلے گُناہوں سے اُسے پاک صَاف کیا جا چُکاہے۔
10 چنانچہ اَے بھائیوں اَور بہنوں! اَپنے بُلائے جانے اَور مُنتخب کیٔے جانے کو ثابت کرنے کے لیٔے پُوری کوشش کرتے رہو، کیونکہ اگر اَیسا کروگے تو کبھی ٹھوکر نہ کھاؤگے۔ 11 بَلکہ اِس سے تُم ہمارے خُداوؔند اَور مُنجّی یِسوعؔ المسیح کی اَبدی بادشاہی میں بڑی عزّت کے ساتھ داخل کیٔے جاؤگے۔
کِتاب مُقدّس کی نبُوّت
12 اِس لیٔے میں تُمہیں ہمیشہ اِن باتوں کو یاد دِلاتا رہُوں گا، حالانکہ تُم اِن سے واقف ہو اَور مضبُوطی سے اُس حق پر قائِم ہو، جو تُمہیں حاصل ہے۔ 13 بَلکہ میں اَپنا فرض سمجھتا ہُوں کہ جَب تک میں اِس جِسمانی خیمہ میں زندہ ہُوں، اِن باتوں کو یاد دِلا دِلا کر تُمہیں اُبھارنا واجِب سمجھتا ہُوں، 14 کیونکہ ہمارے خُداوؔند یِسوعؔ المسیح کے قول کے مُطابق، میں جانتا ہُوں کہ میرے جِسمانی خیمہ کے گرائے جانے کا وقت جلد آنے والا ہے۔ 15 لہٰذا میں پُوری کوشش کروں گا کہ میرے اِنتقال کے بعد بھی تُم اِن باتوں کو ہمیشہ یاد رکھ سکو۔
16 کیونکہ جَب ہم نے اَپنے خُداوؔند یِسوعؔ المسیح کی قُدرت اَور اُن کی آمد کے بارے میں تُمہیں واقف کیا تھا، تو دغابازی سے گڑھے ہویٔے قِصّوں کا سہارا نہیں لیا تھا بَلکہ ہم نے اُن کی عظمت کو خُود اَپنی آنکھوں سے دیکھا تھا۔ 17 جَب المسیح نے خُدا باپ سے عزّت اَور جلال پایا اَور اُس افضل جلال میں سے حُضُور کے لیٔے یہ آواز آئی، ”یہ میرا پیارا بیٹا ہے، جِس سے میں مَحَبّت رکھتا ہُوں اَور جِس سے میں بہت خُوش ہُوں۔“* 18 اَور جَب ہم حُضُور کے ساتھ اُس مُقدّس پہاڑ پر مَوجُود تھے تو ہم نے خُود یہ آواز آسمان سے آتی ہُوئی سُنی تھی۔
19 اَور اُس تجربہ سے زِیادہ ہمارے پاس نبیوں کا وہ کلام ہے جو بڑا مُعتبر ہے اَور تُم اَچھّا کرتے ہو جو یہ سمجھ کر اُس پر غور کرتے رہتے ہو کہ وہ ایک چراغ ہے جو تاریکی میں رَوشنی دیتاہے جَب تک صُبح نہ ہو اَور صُبح کا سِتارا المسیح تمہارے دِلوں میں چمکنے نہ لگے۔ 20 مگر سَب سے پہلے یہ جان لو کہ کِتاب مُقدّس کی کویٔی بھی نبُوّت کی بات کی تفسیر اَپنے ذاتی طور پر نہیں کر سَکتا۔ 21 کیونکہ نبُوّت کی کویٔی بھی بات اِنسان کی اَپنی خواہش سے کبھی نہیں ہُوئی بَلکہ لوگ پاک رُوح کے اِلہام سے خُدا کی طرف سے بولتے تھے۔
* 1:17 مت 17‏:5؛ مرقُ 9‏:7؛ لُوق 9‏:35‏ 1:18 مت 17‏:1‏‑5‏