2
جھُوٹے اُستاد اَور اُن کی تباہی
جِس طرح بنی اِسرائیلؔ میں جھُوٹے نبی مَوجُود تھے اُسی طرح تمہارے درمیان بھی جھُوٹے اُستاد ہوں گے۔ جو پوشیدہ طور پر ہلاک کرنے والی بِدعتیں شروع کریں گے اَور اُس آقا المسیح کا بھی اِنکار کریں گے جِس نے اُنہیں قیمت اَدا کرکے چھُڑایا ہے۔ اَیسی باتوں سے یہ لوگ جلد ہی اَپنے اُوپر ہلاکت لائیں گے۔ اَور بہت سے لوگ اُن کی شہوت پرستی کی پیروی کریں گے جِن کی وجہ سے راہِ حق کی بدنامی ہوگی۔ اَور لالچ کے سبب سے اَیسے اُستاد تُمہیں فرضی قصّے سُنا کر تُم سے ناجائز فائدہ اُٹھائیں گے۔ لیکن اُن پر بہت پہلے ہی سزا کا حُکم ہو چُکاہے اَور اُن کی ہلاکت جلد ہونے والی ہے۔
کیونکہ جَب خُدا نے گُناہ کرنے والے فرشتوں کو نہیں بخشا بَلکہ جہنّم میں بھیج کر تاریکی کی زنجیروں میں جکڑ دیا تاکہ عدالت کے دِن تک حِراست میں رہیں۔* اَور نہ قدیم زمانے کے لوگوں کو بخشا، بَلکہ بے دین دُنیا پر سیلاب بھیج کر ہلاک کر دیا اَور صِرف راستبازی کی مُنادی کرنے والے حضرت نُوح اَور سات دیگر اَشخاص کو بچا لیا۔ اَور خُدا نے سدُومؔ اَور عمورہؔ کے شہروں کو مُجرم قرار دے کر جَلا کر راکھ کر دیا تاکہ آئندہ زمانہ کے بےدینوں کے لیٔے عِبرت ہو کہ اُن کے ساتھ کیسا سلُوک کیا جایٔےگا۔ اَور خُدا نے راستباز حضرت لُوطؔ کو جو بےدینوں کے ناپاک چال چلن سے تنگ آ چُکے تھے، بچا لیا۔ کیونکہ وہ راستباز شخص اُن کے درمیان رہ کر اُن کے بےشَرع کاموں کو دِن رات دیکھتا اَور سُنتا رہتا تھا اَور اُس کا پاک دِل اَندر ہی اَندر سخت تکلیف میں رہتا تھا۔ تو یہ ظاہر ہے کہ خُداوؔند راستبازوں کو آزمائشوں سے بچانا جانتا ہے اَور بدکاروں کو روزِ عدالت تک سزا میں گِرفتار رکھنا بھی جانتا ہے۔ 10 خصوصاً اُن کو جو جِسم کی ناپاک شَہوتوں کے غُلام ہو جاتے ہیں اَور اِختیار والوں کو ناچیز جانتے ہیں۔
یہ لوگ گُستاخ اَور مغروُر ہیں اَور آسمانی مخلُوق پر کُفر بکنے سے نہیں ڈرتے، 11 اگرچہ فرشتے طاقت اَور قُدرت میں اِن سے افضل ہیں لیکن وہ بھی خُداوؔند کے حُضُور میں اُن پر لَعن طَعن کے ساتھ اِلزام لگانے کی جُرأت نہیں کرتے۔ 12 مگر یہ جھُوٹے اُستاد جِن باتوں کا علم بھی نہیں رکھتے، اُن پر بھی لعنت بھیجتے ہیں۔ یہ لوگ بے عقل جانوروں کی مانند ہیں جو فطری طور پر شِکار کیٔے جانے اَور ہلاک ہونے کے لیٔے پیدا ہویٔے ہیں اَور یہ لوگ جانوروں کی مانند ہلاک ہو جایٔیں گے۔
13 یہ اَپنے بُرے کاموں کا بدلہ پائیں گے۔ اِن کو دِن دہاڑے عیّاشی کرنے میں مزا آتا ہے۔ یہ لوگ مکرُوہ داغ اَور عیب والے ہیں، یہ تمہارے ساتھ مَحَبّت کی ضیافتوں میں شریک ہوکر اَپنی دغابازیوں سے عیش و عشرت کرتے ہیں۔ 14 اِن کی آنکھوں میں زناکاری بَسی رہتی ہیں۔ یہ گُناہ سے باز نہیں رہ سکتے۔ یہ کمزور دِلوں کو پھانسنا خُوب جانتے ہیں؛ اِن کے دِل لالچ سے بھرے ہویٔے ہیں۔ یہ لعنت کے فرزند ہیں۔ 15 یہ لوگ سیدھی راہ چھوڑکر گمراہ ہو گیٔے ہیں اَور بعورؔ کے بیٹے بِلعاؔم کی راہ چل پڑے ہیں جِس نے ناراستی کی کمائی کو عزیز جانا۔ 16 لیکن اُس کی بے زبان گدھی نے اُس کی خطا پر اُسے ملامت کی اَور اِنسان کی طرح کلام کرکے اُسے اُس نبی کی دیوانگی سے باز رکھا۔
17 یہ لوگ اَندھے کنوئیں ہیں اَور اُس کُہر کی مانند ہیں جسے تیز ہَوا اُڑا لے جاتی ہے۔ جہنّم کی سخت تاریکی اُن کے لئے مُقرّر کر دی گئی ہے۔ 18 یہ لوگ مغروُر ہیں، بےہوُدہ بکواس کرتے رہتے ہیں اَور شہوت پرستی کے ذریعہ اُن لوگوں کو پھر سے نَفسانی خواہشات میں پھنسا دیتے ہیں جو ابھی گمراہی میں سے بچ کر نکل ہی رہے ہیں۔ 19 یہ اُن سے تو آزادی کا وعدہ کرتے ہیں مگر خُود بدی کے غُلام ہیں کیونکہ جو شخص جِس سے مغلُوب ہے وہ اُسی کا غُلام ہے۔ 20 اگر اَیسے لوگ جو اَپنے خُداوؔند اَور مُنجّی یِسوعؔ المسیح کو پہچان کر دُنیا کی خرابیوں سے بچ نکلنے کے باوُجُود بھی، پھر سے اُن میں پھنس کر اُن کا شِکار ہونے لگیں تو اُن کی بعد کی حالت پہلی حالت سے زِیادہ بدتر ہوتی ہے۔ 21 کیونکہ اُن کے لیٔے تو یہی بہتر تھا کہ وہ راستبازی کی راہ سے کبھی واقف ہی نہیں ہوتے، مُقابلے اِس کے راستبازی کی راہ جان لینے کے بعد بھی اُس پاک حُکم سے پھر گیٔے جو اُنہیں دیا گیا تھا۔ 22 اُن پر تو یہ مثال صادق آتی ہے، ”کُتّا اَپنی قَے کو پھر سے چٹ کر جاتا ہے،“‏ اَور ”نہلائی ہُوئی سُؤرنی لَوٹنے کے لیٔے کیچڑ کی طرف۔“
* 2:4 پیدا 6‏:1‏‑4‏ 2:16 گِن 22‏:21‏‑35‏ 2:22 امثا 26‏:11‏