12
جو تربّیت کو عزیز رکھتا ہے وہ علم کو عزیز رکھتا ہے،
لیکن جو تنبیہ سے نفرت رکھتا ہے وہ وحشی جانور کی طرح احمق ہے۔
 
نیک آدمی پر یَاہوِہ کی نظرِکرم ہوتی ہے،
لیکن یَاہوِہ بُری نیّت والے آدمی کو مُجرم ٹھہراتا ہے۔
 
آدمی بدکاری سے قائِم نہیں رہ سَکتا،
لیکن صادق کی جڑ کو جنبش نہ ہوگی۔
 
نیک سیرت عورت اَپنے خَاوند کے لئے تاج ہوتی ہے،
لیکن رُسوا بیوی اُس کی ہڈّیوں میں سڑن کی مانند ہے۔
 
صادقوں کے منصُوبے راست ہوتے ہیں،
لیکن بدکاروں کی صلاح پُر فریب ہوتی ہے۔
 
بدکاروں کی باتیں خُون بہانے پر اُکساتی ہیں،
لیکن صادقوں کی باتیں اُنہیں رِہائی دیں گی۔
 
بدکار لوگ گرا دئیے جاتے ہیں اَور نِیست ہو جاتے ہیں،
لیکن راستبازوں کا گھر قائِم رہتاہے۔
 
اِنسان کی تعریف اُس کی ہوشیاری کے مُطابق کی جاتی ہے،
لیکن بے عقل حقارت کا شِکار ہوتاہے۔
 
جو فروتن ہے لیکن ایک نوکر کا مالک ہے
وہ اُس شیخی باز سے جو روٹی کا مُحتاج ہو بہتر ہے۔
 
10 راستباز اَپنے جانور کی ضرورتوں کا خیال رکھتا ہے،
لیکن بدکار کی رحمدلی بھی ظُلم سے کم نہیں۔
 
11 جو اَپنی زمین میں کاشتکاری کرتا ہے، وہ کثرت سے خُوراک پایٔےگا،
لیکن جو خیالی پُلاؤ پکاتا رہتاہے مُحتاج رہے گا۔
 
12 بدکاروں کی نظر بدکرداروں کی لُوٹ پر ہے،
لیکن صادقوں کی جڑ پھلدار رہتی ہے۔
 
13 بدکار اَپنے لبوں کی گُناہ آلُودگی کے باعث پھندے میں پھنستا ہے،
لیکن صادق مُصیبت سے بچ نکلتا ہے۔
 
14 آدمی اَپنے ہونٹوں کے پھل کی نِعمت سے سیر ہوتاہے
اَور اُس کے ہاتھوں کے کام کا اجر اُسے ضروُر ملتا ہے۔
 
15 احمق کو اَپنی روِش دُرست نظر آتی ہے،
لیکن دانشمند نصیحت کو سُنتا ہے۔
 
16 احمق کا غُصّہ فوراً ظاہر ہو جاتا ہے،
لیکن ہوشیار آدمی بدنامی کو نظرانداز کرتا ہے۔
 
17 صادق گواہ سچّی گواہی دیتاہے،
لیکن جھُوٹا گواہ جھُوٹ بولتا ہے۔
 
18 بےہوُدہ باتیں تلوار کی مانند چھیدتی ہیں،
لیکن دانشمند کی زبان شفا بخشتی ہے۔
 
19 سچّے ہونٹ ہمیشہ تک قائِم رہیں گے،
لیکن جھُوٹی زبان کچھ دیر تک ہی ٹکتی ہے۔
 
20 بدی کے منصُوبے باندھنے والوں کے دِل میں دغا ہوتی ہے،
لیکن جو صُلح کا مشورہ دیتے ہیں خُوش ہوتے ہیں۔
 
21 راستباز کو کویٔی ضرر نہیں پہُنچتا،
لیکن بدکار مُصیبت میں ڈُوب جاتے ہیں۔
 
22 جھُوٹے لبوں سے یَاہوِہ کو نفرت ہے،
لیکن راست گو سے وہ خُوش ہوتاہے۔
 
23 ہوشیار آدمی اَپنا علم خُود تک محدُود رکھتا ہے،
لیکن احمقوں کا دِل حماقت کی مُنادی کرتا ہے۔
 
24 محنتی ہاتھوں والے حُکمرانی کریں گے،
لیکن کاہل آدمی غُلام بَن کر رہ جایٔیں گے۔
 
25 دِل مُضطرب ہو تو اِنسان بھی اُداس ہو جاتا ہے،
لیکن ایک مَحَبّت بھرا لفظ اُسے خُوش کر دیتاہے۔
 
26 راستباز اِنسان اَپنے ہمسایہ کی رہنمائی کرتا ہے،
لیکن بدکاروں کی روِش اُنہیں گُمراہ کردیتی ہے۔
 
27 کاہل آدمی اَپنے شِکار کو بھُونتا بھی نہیں،
لیکن محنتی آدمی بیش قیمتی دولت پاتاہے۔
 
28 راستی کی راہ زندگی کی طرف جاتی ہے؛
اُس راہ میں موت نہیں ہوتی۔