11
1 دغا کے ترازو سے یَاہوِہ کو نفرت ہے،
لیکن صحیح وزن والے باٹ اُس کی خُوشی کا باعث ہیں۔
2 غُرور اَپنے ساتھ رُسوائی بھی لے آتا ہے،
لیکن خاکساری اَپنے ساتھ حِکمت لاتی ہے۔
3 راستبازوں کی راستی اُن کی رہنمائی کرتی ہے،
لیکن دغاباز اَپنی ریاکاری کے باعث تباہ ہو جاتے ہیں۔
4 خُدا کے قہر کے دِن دولت کام نہیں آتی،
لیکن راستی موت سے رِہائی بخشتی ہے۔
5 بے عیب کی راستبازی اُن کی راہ کو ہموار کرتی ہے،
لیکن بدکار خُود اَپنی ہی شرارت کی وجہ سے گِر جاتے ہیں۔
6 راستبازوں کی راستبازی اُن کی نَجات کا باعث ہوتی ہے،
لیکن دغاباز اَپنی بُری خواہشات کا شِکار ہو جاتے ہیں۔
7 جَب بدکار اِنسان مرتا ہے تو اُس کی اُمّید بھی فنا ہو جاتی ہے؛
اُس کی کویٔی توقع بھی پُوری نہیں ہوتی۔
8 صادق مُصیبت سے رِہائی پاتاہے،
اَور بدکار اُس میں پھنس کر رہ جاتا ہے۔
9 بے دین اَپنے مُنہ سے اَپنے ہمسایہ کو تباہ کرتا ہے،
لیکن صادق علم کے ذریعہ بچ جاتا ہے۔
10 جَب صادق سرفراز ہوتاہے تو شہر کے لوگ خُوش ہوتے ہیں؛
اَور جَب بدکار ہلاک ہوتے ہیں تو لوگ خُوشی کے نعرے لگاتے ہیں۔
11 راستبازوں کی برکت سے شہر سرفراز ہوتاہے،
لیکن بدکاروں کے مُنہ کی باتوں سے وہ تباہ ہو جاتا ہے۔
12 کم عقل آدمی اَپنے ہمسایہ کی تحقیر کرتا ہے،
لیکن صاحبِ فہم اَپنی زبان پر قابُو رکھتا ہے۔
13 گپ بازی کرنے سے راز افشا ہو جاتا ہے،
لیکن ایک قابلِ اِعتماد آدمی رازداری سے کام لیتا ہے۔
14 ہدایت کے بغیر قوم گِر جاتی ہے،
لیکن متعدّد مُشیر فتح کو یقینی بنا دیتے ہیں۔
15 جو کسی بیگانے کی ضمانت دیتاہے، یقیناً نُقصان اُٹھاتا ہے،
لیکن جو ضمانت دینے سے اِنکار کرتا ہے وہ سلامت رہتاہے۔
16 رحم دِل عورت عزّت پاتی ہے،
لیکن سنگدل لوگوں کو محض دولت ملتی ہے۔
17 رحم دِل اِنسان اَپنی جان کے ساتھ نیکی کرتا ہے،
لیکن بےرحم اَپنے جِسم کو دُکھ دیتاہے۔
18 بدکار دھوکے سے روزی کماتا ہے،
لیکن راستی بونے والا سچ مُچ اجر پاتاہے۔
19 راستی پر چلنے والا زندگی پاتاہے،
لیکن بدی کا پیرو اَپنی موت سے ہمکنار ہوتاہے۔
20 کَج دِلوں سے یَاہوِہ کو نفرت ہے
لیکن کامل روِش والوں سے وہ خُوش رہتاہے۔
21 یقین رکھو کہ بدکار بے سزا نہیں چُھوٹے گا،
لیکن جو صادق ہیں وہ آزاد ہو جایٔیں گے۔
22 حسین عورت جو بے تمیز ہے
وہ سُؤرنی کی ناک میں سونے کی نتھ کی مانند ہوتی ہے۔
23 نیکی سے صادقوں کی خواہش پُوری ہو جاتی ہے،
لیکن بدکاروں کی اُمّید کا پھل غضبِ خُداوندی ہوتاہے۔
24 کویٔی فیّاضی سے دیتاہے اَور پھر بھی بہت زِیادہ پاتاہے؛
اَور دُوسرا بہت محتاط ہوکر بھی مُفلس ہو جاتا ہے۔
25 فیّاض آدمی سرفراز ہوگا؛
جو دُوسروں کو تازگی بخشتا ہے خُود بھی تازگی پایٔےگا۔
26 جو اَپنا اناج جمع کرکے بیچتا نہیں لوگ اُس پر لعنت بھیجتے ہیں،
لیکن جو اُسے بیچتا ہے وہ برکت کا تاج پہنے گا۔
27 جو بھلائی ڈھونڈتا ہے اُسے خُوشی حاصل ہوتی ہے،
لیکن جو بدی ڈھونڈتا ہے، اُسے بدی ہی ملتی ہے۔
28 جو اَپنے مال و زَر پر بھروسا کرتا ہے وہ گِر پڑےگا،
لیکن صادق ہرے پتّوں کی مانند سرسبز رہیں گے۔
29 جو اَپنے خاندان کو دُکھ پہُنچاتا ہے وہ ہَوا کا وارِث ہوگا،
اَور احمق دانا آدمی کا غُلام بنے گا۔
30 صادق کا پھل زندگی کا درخت ہے،
اَور دانا ہے وہ جو دِلوں کو جیتتا ہے۔
31 اگر راستباز کو زمین پر بدلہ دیا جائے گا،
تو بے دین اَور گُنہگار کا حَشر کیا ہوگا!