28
بدکار بھاگتا چلا جاتا ہے، خواہ اُس کے تعاقب میں کویٔی بھی نہ ہو،
لیکن صادق، شیرببر کی مانند دِلیر ہوتے ہیں۔
 
مُلک میں بغاوت کے باعث حاکموں کی تعداد بڑھ جاتی ہے،
لیکن صاحبِ علم اِنسان ہی اَمن برقرار رکھتا ہے۔
 
مُحتاجوں پر ظُلم ڈھانے والا حاکم
اُس موسلادھار مینہ کی مانند ہے جو فصل کو باقی نہیں چھوڑتا۔
 
ہدایات کو ترک کر دینے والے بدکاروں کی تعریف کرتے ہیں،
لیکن شَریعت پر عَمل کرنے والے، اُن کی مزاحمت کرتے ہیں۔
 
بدکردار اِنصاف کو نہیں سمجھتے،
لیکن جو یَاہوِہ کے طالب ہوتے ہیں، وہ اُسے بخُوبی سمجھتے ہیں۔
 
کجرو دولتمند سے
راست رَو مُفلس بہتر ہے۔
 
ہدایات پر عَمل کرنے والا بیٹا صاحبِ فہم کہلاتا ہے،
لیکن کھاؤ لوگوں کا ساتھی اَپنے باپ کو رُسوا کرتا ہے۔
 
جو ناجائز سُود وصول کرکے اَپنی دولت بڑھاتاہے
وہ اُس کے لیٔے جمع کرتا ہے جو مُحتاجوں پر رحم کرےگا۔
 
جو کویٔی ہدایات پر کان نہیں لگاتا،
اُس کی دعائیں بھی مکرُوہ ہوتی ہیں۔
 
10 جو کسی راستباز کو بُری راہ پر لگاتاہے
وہ آپ ہی اَپنے پھندے میں پھنس جائے گا۔
لیکن کامل لوگ نِعمتوں کے وارِث ہوں گے۔
 
11 دولتمند اَپنی نگاہ میں دانِشور ہے،
لیکن صاحبِ فہم مسکین، اُسے مَعلُوم کر لیتا ہے۔
 
12 جَب صادق اِنسان فتحیاب ہوتے ہیں، تو بڑی خُوشی منائی جاتی ہے؛
لیکن جَب بدکار برسرِاقتدار آتے ہیں تو خِلقت روپوش ہو جاتی ہے۔
 
13 جو اَپنے گُناہ چھُپاتا ہے، کامیاب نہیں ہوتا،
لیکن جو اقرار کرکے اُن کو ترک کرتا ہے، اُس پر رحم کیا جائے گا۔
 
14 مُبارک ہے وہ آدمی جو سدا خُدا کا خوف رکھتا ہے،
لیکن جو اَپنا دِل سخت کر لیتا ہے، مُصیبت میں پڑ جاتا ہے۔
 
15 بے یارومددگار لوگوں پر حُکومت کرنے والا اگر ظالِم ہو
تو وہ گرجنے والے شیرببر اَور حملہ کرنے والے ریچھ کی مانند ہے۔
 
16 اگر حاکم فہم نہ رکھتا ہو تو وہ بڑا ظُلم کرتا ہے،
لیکن جسے ناجائز منافع سے نفرت ہوتی ہے، اُس کی عمر دراز ہوتی ہے۔
 
17 قتل کے گُناہ کا مُرتکب آدمی
اَپنی موت تک بھاگتا پھرے گا
اُسے کوئی نہ روکے۔
 
18 بے عیب رِہائی پایٔےگا،
لیکن کجرو ناگہاں گِر پڑےگا۔
 
19 جو اَپنی زمین میں کاشتکاری کرتا ہے، کثرت سے خُوراک پایٔےگا،
لیکن جو خیالی پُلاؤ پکاتا رہتاہے، مفلسی سے دوچار ہوگا۔
 
20 قابلِ اِعتبار آدمی، بے شُمار برکتیں پایٔےگا،
لیکن جو دولتمند ہونے کے لیٔے جلدبازی کرتا ہے، ضروُر بے سزا نہ چُھوٹے گا۔
 
21 طرفداری کرنا اَچھّا نہیں۔
پھر بھی اِنسان روٹی کے ٹکڑے کی خاطِر یہ ظُلم کرتا ہے۔
 
22 کنجوس آدمی دولتمند بننے کا مُشتاق ہوتاہے
لیکن یہ نہیں جانتا کہ مفلسی اُس کی منتظر ہے۔
 
23 جو کسی آدمی کو تنبیہ کرتا ہے، آخِرکار وہ،
زبانی خُوشامد کرنے والے آدمی سے زِیادہ مقبُول ہو جاتا ہے۔
 
24 جو اَپنے باپ یا اَپنی ماں کو لُوٹتا ہے
اَور کہتاہے، ”اِس میں کچھ گُناہ نہیں ہے،“
وہ غارت گِر کا ساتھی ہے۔
 
25 لالچی اِنسان جھگڑا پیدا کرتا ہے،
لیکن جو یَاہوِہ پر توکّل رکھتا ہے وہ خُوشحال ہوگا۔
 
26 جو اَپنے آپ پر بھروسا رکھتا ہے، وہ احمق ہے،
لیکن جو عقلمندی سے چلتا ہے، محفوظ رہے گا۔
 
27 جو مُحتاجوں کی مدد کرتا ہے، اُسے کچھ کمی نہ ہوگی،
لیکن جو اُن کی طرف سے اَپنی آنکھیں بند کر لیتا ہے، بڑا ملعُون ہوتاہے۔
 
28 جَب بدکار برسرِاقتدار آتے ہیں، تو لوگ روپوش ہونے لگتے ہیں؛
لیکن جَب بدکار فنا ہو جاتے ہیں، تو صادق ترقّی کرتے ہیں۔