29
1 جو آدمی بار بار مُتنبّہ کئے جانے پر بھی سرکشی کرتا ہے وہ ناگہاں تباہ کیا جائے گا،
اَور اُس کا کویٔی چارہ نہ ہوگا۔
2 جَب صادق فروغ پاتے ہیں، تو لوگ خُوش ہوتے ہیں؛
لیکن جَب بدکار حُکومت کرتے ہیں، تو لوگ آہیں بھرتے ہیں۔
3 جو آدمی حِکمت سے مَحَبّت رکھتا ہے وہ اَپنے باپ کو خُوش کرتا ہے،
لیکن جو فاحِشہ عورتوں کی صحبت میں رہتاہے، اَپنی دولت اُڑا دیتاہے۔
4 بادشاہ عدل سے مُلک کو مُستحکم کرتا ہے،
لیکن، جو رشوتوں کا لالچی ہوتاہے، اُسے ٹکڑے ٹکڑے کرڈالتا ہے۔
5 جو اَپنے ہمسایہ کی خُوشامد کرتا ہے،
وہ اُس کے پاؤں کے لیٔے جال بچھاتا ہے۔
6 بدکردار آپ ہی اَپنے گُناہ میں پھنس جاتا ہے،
لیکن راستباز گاتا اَور خُوشی مناتا ہے۔
7 صادق مسکینوں کے مُعاملہ کا اِنصاف چاہتاہے،
لیکن بدکار کو اُس کے مُعاملہ کو جاننے کی پروا بھی نہیں ہوتی۔
8 ٹھٹّھےباز شہر میں ہنگامہ برپا کر دیتے ہیں،
لیکن دانشمند ہنگامہ دُور کرتے ہیں۔
9 اگر کویٔی دانشمند عدالت میں کسی احمق سے بحث کرتا ہے،
تو وہ احمق وہاں شور مچاتا، ٹھٹّھابازی کرتا اَور بدامنی پھیلاتا ہے۔
10 خُونریز اِنسان دیانتدار آدمی سے کینہ رکھتے ہیں،
اَور راستباز کی جان لینا چاہتے ہیں۔
11 احمق اَپنا قہر اُگل دیتاہے،
لیکن دانشمند اُس پر قابُو پاتاہے۔
12 اگر کویٔی حاکم جھُوٹ پر کان لگاتاہے،
تو اُس کے تمام اہلکار بدکارہو جاتے ہیں۔
13 مسکین اَور ظالِم ایک دُوسرے سے اِس بات میں ملتے ہیں:
کہ دونوں کی آنکھوں کو بینائی یَاہوِہ ہی دیتاہے۔
14 جو بادشاہ مسکینوں کا راستی سے اِنصاف کرتا ہے،
اُس کا تخت ہمیشہ قائِم رہتاہے۔
15 تادیب کی چھڑی حِکمت بخشتی ہے،
لیکن جو بچّہ تربّیت سے محروم رہا ہو، وہ اَپنی ماں کو رُسوا کرتا ہے۔
16 جَب بدکار فروغ پاتے ہیں تو بدی بھی بڑھتی ہے،
لیکن راستباز اُن کا زوال دیکھیں گے۔
17 اَپنے بیٹے کی تربّیت کرو اَور وہ تُمہیں چَین اَور آرام دے گا؛
وہ تمہاری جان کو مسرُور کرےگا۔
18 جہاں رُویا نہیں وہاں لوگ بے قابُو ہو جاتے ہیں؛
لیکن مُبارک ہے وہ آدمی جو ہدایت پر عَمل کرتا ہے۔
19 خادِم محض باتوں سے نہیں سدھارا جاتا؛
حالانکہ وہ سمجھتا ہے تو بھی پروا نہیں کرتا۔
20 کیا کویٔی بے تامّل بولنے والا آدمی تمہاری نظر میں ہے؟
اُس کے مُقابلہ میں احمق سے زِیادہ اُمّید کی جا سکتی ہے۔
21 جو آدمی لڑکپن ہی سے اَپنے خادِم کے ناز اُٹھانے لگتا ہے،
اُسے آخِر میں: رنج کا سامنا کرنا پڑےگا۔
22 غُصّہ ور آدمی فتنہ برپا کرتا ہے،
اَور گرم مِزاج آدمی سے کیٔی گُناہ سرزد ہوتے ہیں۔
23 اِنسان کی مغروُری اُسے پست کرتی ہے،
لیکن فروتن رُوح والا اِنسان عزّت پاتاہے۔
24 چور کا ساتھی اَپنی ہی جان کا دُشمن ہوتاہے؛
وہ قَسم کھانے کے بعد بھی گواہی دنیے کی ہمّت نہیں کرتا۔
25 اِنسان کا خوف پھندا ثابت ہو سَکتا ہے،
لیکن جو یَاہوِہ پر اِعتقاد رکھتا ہے، محفوظ رہے گا۔
26 بہت لوگ چاہتے ہیں کہ حاکم سے تعلّقات پیدا ہوں،
لیکن اِنسان صِرف یَاہوِہ ہی سے اِنصاف کی اُمّید کر سَکتا ہے۔
27 صادق بدکاروں سے؛
اَور بدکار راستبازوں سے نفرت کرتا ہے۔