زبُور 11
موسیقی ہدایت کار کے لیٔے، داویؔد کا زبُور۔
میں یَاہوِہ میں پناہ لیتا ہُوں۔
پھر تُم مُجھ سے کیونکر کہتے ہو:
”چڑیا کی مانند اَپنے پہاڑ پر اُڑ جا۔
خبردار! کیونکہ بدکار لوگ اَپنی کمان کھینچتے ہیں؛
وہ اَپنے تیر کمان کی ڈوریوں پر رکھتے ہیں،
تاکہ چھاؤں میں بیٹھے ہُوئے
سیدھے لوگوں کے دِلوں پر تیر چلائیں۔
جَب بُنیادیں* ہی ڈھا دی جایٔیں،
تو راستباز کیا کر سَکتا ہے؟“
 
یَاہوِہ اَپنے مُقدّس ہیکل میں ہیں؛
اُن کا تخت آسمان پر نشین ہے۔
وہ بنی آدمؔ پر نگاہ رکھے ہُوئے ہیں؛
اَور اُن کی آنکھیں اُنہیں جانچتی ہیں۔
یَاہوِہ راستباز اَور بدکار دونوں کو پرکھتے ہیں،
یَاہوِہ کی رُوح تشدّد پسندوں سے نفرت کرتی ہے۔
بدکار لوگوں پر وہ پھندے برسائیں گے،
آگ کے اَنگارے اَور جلتی ہُوئی گندھک برسائیں گے؛
اَور اُن کے پیالہ کا حِصّہ جھُلسا دینے والی لُو ہوگی۔
 
کیونکہ یَاہوِہ راستباز ہیں؛
وہ عدل پسند کرتے ہیں؛
راستباز اُن کا دیدار حاصل کریں گے۔
* زبُور 11:3 بُنیادیں مُعاشرے میں اَمن و سلامتی کی بُنیادیں