زبُور 12
موسیقی ہدایت کار کے لیٔے۔ شمینِت کے سُرپر مَبنی داویؔد کا زبُور۔
1 اَے یَاہوِہ، ہماری مدد کریں کیونکہ کویٔی دیندار نہ رہا؛
ایماندار لوگ بنی آدمؔ کے درمیان سے مِٹ گیٔے۔
2 ہر شخص اَپنے ہمسایہ سے جھُوٹ بولتا ہے؛
اُن کے خُوشامدی لب
ایک دُوسرے سے دو رنگی باتیں کرتے ہیں۔
3 یَاہوِہ تمام خُوشامدی لبوں کو
اَور ہر شیخی باز زبان کو کاٹ ڈالیں گے۔
4 جو یہ کہتی ہے،
”ہم اَپنی زبان سے غالب آئیں گے؛
ہمارے لب تو ہمارے قبضے میں ہیں۔ ہمارا مالک کون ہے؟“
5 یَاہوِہ فرماتے ہیں، ”مظلوموں پر ظُلم ڈھانے کے سبب سے،
اَور حاجتمندوں کے کراہنے کے باعث اَب مَیں اُٹھوں گا،“
اَور جِن پر وہ تہمت لگاتے ہیں، ”مَیں اُن کی حِفاظت کروں گا۔“
6 یَاہوِہ کا کلام خالص ہے،
اُس چاندی کی مانند جو مٹّی کی بھٹّی میں تائی گئی ہو،
اَور سات بار صَاف کی گئی ہو۔
7 اَے یَاہوِہ، آپ ہمیں محفوظ رکھیں گے
اَور اَیسے بدکار لوگوں سے ہمیشہ کے لیٔے بچائے رکھیں گے۔
8 جَب بنی آدمؔ میں کمینہ پن کی قدر ہونے لگتی ہے
تو بدکار لوگ بے روک ٹوک اکڑ کر چلتے ہیں۔