زبُور 135
1 یَاہوِہ کی سِتائش کرو۔
یَاہوِہ کے نام کی حَمد کرو؛
اَے یَاہوِہ، کے خادِمو،
2 تُم جو یَاہوِہ کے گھر میں،
اَور ہمارے خُدا کے گھر کے صحنوں مَیں حاضِر رہتے ہو۔
3 یَاہوِہ کی حَمد کرو کیونکہ یَاہوِہ نیک ہیں؛
اُن کے نام کی مدح سرائی کرو، اُس سے دِل کو خُوشی ہوتی ہے۔
4 کیونکہ یَاہوِہ نے یعقوب کو اَپنے لیٔے،
اَور اِسرائیل کو اَپنی خاص مِلکیّت کے طور پر چُن لیا ہے۔
5 میں جانتا ہُوں کہ یَاہوِہ عظیم ہیں،
کہ ہمارے یَاہوِہ تمام معبُودوں سے زِیادہ عظیم ہیں۔
6 آسمان میں اَور زمین پر،
سمُندروں میں اَور اُن کی تمام گہرائیوں میں،
یَاہوِہ جو چاہتے ہیں وُہی کرتے ہیں۔
7 وہ زمین کی اِنتہا سے بادل لاتے ہیں؛
اَور بارش کے ساتھ بجلی بھیجتے ہیں
اَور اَپنے ذخیروں میں سے ہَوا کو باہر لاتے ہیں۔
8 اُن ہی نے مِصر کے پہلوٹھوں کو مار ڈالا،
کیا اِنسان کے، کیا حَیوان کے۔
9 اَے مِصر! اُنہُوں نے تُم میں فَرعوہؔ اَور اُس کے سَب خادِموں پر،
اَپنے نِشانات اَور عجائب ظاہر کئے۔
10 اُن ہی نے کیٔی قوموں کو مار ڈالا
اَور زبردست بادشاہوں کو قتل کیا۔
11 یعنی امُوریوں کا بادشاہ سیحونؔ،
باشانؔ کا بادشاہ عوگؔ
اَور کنعانؔ کے تمام بادشاہ۔
12 اَور اُن کے مُلک اُنہُوں نے مِیراث میں دے دئیے،
یعنی اَپنی قوم اِسرائیل کی مِیراث میں۔
13 اَے یَاہوِہ، آپ کا نام اَبد تک کے لیٔے ہے،
اَور آپ کی شہرت، اَے یَاہوِہ،
پُشت در پُشت قائِم رہتی ہے۔
14 کیونکہ یَاہوِہ اَپنے لوگوں کو بےگُناہ قرار دیں گے،
اَور اَپنے بندوں پر رحم کریں گے۔
15 قوموں کے بُت تو چاندی اَور سونا ہیں،
جو آدمی کی دستکاری ہیں۔
16 اُن بُتوں کے مُنہ ہیں لیکن وہ بول نہیں سکتے،
آنکھیں ہیں لیکن وہ دیکھ نہیں سکتے؛
17 اُن کے کان ہیں لیکن وہ سُن نہیں سکتے،
اُن کے مُنہ میں سانس ہے ہی نہیں۔
18 جو اُنہیں بناتے ہیں وہ اُن ہی کی مانند ہو جایٔیں گے،
اَور وہ سَب بھی جو اُن پر بھروسا رکھتے ہیں۔
19 اَے اِسرائیل کے گھرانے والو! یَاہوِہ کو مُبارک کہو؛
اَے اَہرونؔ کے گھرانے والو! یَاہوِہ کو مُبارک کہو؛
20 اَے لیوی کے گھرانے والو! یَاہوِہ کو مُبارک کہو؛
اَے خُدا کا خوف ماننے والو! یَاہوِہ کو مُبارک کہو۔
21 یَاہوِہ جو یروشلیمؔ میں سکونت پذیر ہیں،
وہ صِیّونؔ میں مُبارک ہوں۔
یَاہوِہ کی سِتائش ہو۔