زبُور 75
موسیقی ہدایت کار کے لیٔے۔ ”التشخیتھ“ کے سُرپر مَبنی آسفؔ کا زبُور۔ ایک نغمہ۔
1 اَے خُدا، ہم آپ کا شُکر بجا لاتے ہیں،
لوگ آپ کے عجِیب کارناموں کا ذِکر کرتے ہیں۔
ہم آپ کا شُکر بجا لاتے ہیں کیونکہ آپ کا نام نزدیک ہے؛
2 آپ کا فرمان ہے: ”میں وقتِ مُعیّن پر؛
راستی سے اِنصاف کرتا ہُوں۔
3 جَب زمین اَور اُس کے سَب لوگ تھرتھرانے لگتے ہیں،
تَب میں ہی اُس کے سُتونوں کو مضبُوطی سے قائِم رکھتا ہُوں۔
4 مغروُروں سے کہتا ہُوں، ’اَب اَور شیخی نہ بگھارو،‘
اَور بدکار لوگوں سے کہتا ہُوں، ’اَپنے سینگ اُونچے نہ کرو۔
5 اَپنے سینگ خُداتعالیٰ کے خِلاف نہ اُٹھاؤ؛
اَور گردن کشی سے بات نہ کرو۔‘ “
6 اِنسان کو نہ تو کویٔی مشرق سے اَور نہ مغرب سے
اَور نہ ہی بیابان سے سرفراز کر سَکتا ہے۔
7 بَلکہ خُدا ہی اِنصاف کرتا ہے؛
وہ کسی کو پست کرتا ہے اَور کسی کو سرفراز۔
8 یَاہوِہ کے ہاتھ میں پیالہ ہے
جو مَسالہ مِلا ہُوا جھاگ والے انگوری شِیرہ سے بھرا ہُواہے؛
وہ اُسے اُنڈیلتا ہے اَور دُنیا کے تمام بدکار لوگ
اُسے اُس کی تلچھٹ تک پی جاتے ہیں۔
9 میں ہمیشہ یہ اعلان کرتا رہُوں گا؛
میں یعقوب کے خُدا کی مدح سرائی کروں گا۔
10 مَیں، ”تمام بدکار لوگوں کے سینگ کاٹ ڈالوں گا،
لیکن صادقوں کے سینگ اُونچے کئے جایٔیں گے۔“