زبُور 9
موسیقی ہدایت کار کے لیٔے، موتھ لبّین والی دھُن پر مَبنی، داویؔد کا زبُور۔
اَے یَاہوِہ، میں اَپنے پُورے دِل سے آپ کی تمجید کروں گا؛
اَور آپ کے تمام عجِیب کارناموں کا ذِکر کروں گا۔
مَیں آپ سے خُوش اَور مسرُور رہُوں گا؛
اَور اَے خُداتعالیٰ، مَیں آپ کے نام کی مدح سرائی کروں گا۔
 
جَب میرے دُشمن پیچھے ہٹتے ہیں؛
وہ آپ کی حُضُوری کے سبب سے ٹھوکر کھا کر ہلاک ہو جاتے ہیں۔
کیونکہ آپ نے میرے حق کی اَور میرے مُقدّمہ کی تائید کی ہے؛
اَور اَپنے تخت پر جلوہ افروز ہوکر راستی سے میری عدالت کی ہے۔
آپ نے غَیر قوموں کو جِھڑکا اَور بدکاروں کو تباہ کیا ہے؛
اَور اُن کا نام اَبد تک کے لیٔے مٹا دیا ہے۔
دائمی تباہی نے میرے دُشمنوں کو آ پکڑا ہے،
آپ نے اُن کے شہروں کو مُستقِل کھنڈر بنا ڈالا؛
یہاں تک کہ اُن کی یادگار تک باقی نہ رہی۔
 
لیکن یَاہوِہ اَبد تک تخت نشین رہے گا؛
اُنہُوں نے اِنصاف کے لیٔے اَپنا تخت قائِم کیا ہے۔
وہ دُنیا پر حُکمرانی؛
اَور قوموں کا اِنصاف راستبازی سے کریں گے۔
یَاہوِہ مظلوموں کے لیٔے پناہ،
اَور مُصیبت کے ایّام میں قلعہ ہے۔
10 جو آپ کا نام جانتے ہیں، آپ پر توکّل کریں گے،
اَے یَاہوِہ، کیونکہ جنہوں نے آپ سے دعا کی،
آپ نے اَپنے طالبوں کو کبھی نہیں چھوڑا۔
 
11 یَاہوِہ کی سِتائش کرو، جو صِیّونؔ میں تخت نشین ہے؛
اَور قوموں کے درمیان اُس کے کارناموں کا اعلان کرو۔
12 کیونکہ خُون کا اِنتقام لینے والا، اُن کو یاد رکھتا ہے؛
اَور وہ مُصیبت زدوں کی فریاد کو نظرانداز نہیں کرتا۔
 
13 اَے یَاہوِہ، مُجھ پر نظرِکرم! دیکھ کہ میرے دُشمن مُجھے کیسا دُکھ دیتے ہیں،
آپ ہی ہیں، جو مُجھے موت کے پھاٹکوں کے پاس سے اُٹھاتے ہیں،
14 تاکہ میں صِیّونؔ کی بیٹی* کے
پھاٹکوں کے پاس آپ کی سِتائش کر سکوں،
اَور وہاں آپ کی دی ہُوئی نَجات سے خُوش ہوؤں۔
 
15 قومیں اَپنے ہی کھودے ہُوئے، گڑھے میں گِر چُکی ہیں؛
اَورجو جال اُنہُوں نے بچھایا تھا اُسی میں اُن کے پاؤں اُلجھ گیٔے ہیں۔
16 یَاہوِہ نے خُود کو ظاہر کر دیا، اُنہُوں نے اِنصاف کیا ہے؛
اَور بدکار لوگ اَپنے ہاتھوں کے کاموں میں پھنس جاتے ہیں۔
17 بدکار لوگ عالمِ اسفل میں اُتر جاتے ہیں، اَور وہ سَب قومیں بھی،
جو خُدا کو بھُول جاتی ہیں۔
18 لیکن مسکین ہمیشہ کے لیٔے بھُلائے نہ جایٔیں گے؛
اَور نہ مُصیبت زدوں کی اُمّید کبھی ٹوٹے گی۔
 
19 اَے یَاہوِہ، اُٹھیں، اِنسان غالب نہ ہونے پایٔے؛
اَور قوموں کی عدالت آپ ہی کے سامنے کی جائے۔
20 اَے یَاہوِہ! آپ اُنہیں خوف دِلائیں؛
اَور قومیں جان لیں کہ وہ محض بشر ہی ہیں۔
* زبُور 9:14 صِیّونؔ کی بیٹی یروشلیمؔ کے لوگ