چوتھی کِتاب
90
زبُور 90‏–106
مَرد خُدا مَوشہ کی دعا۔
خُداوؔند! پُشت در پُشت
آپ ہی ہماری قِیام گاہ رہے ہیں۔
اِس سے پہلے کہ پہاڑ پیدا ہُوئے
یا آپ زمین اَور دُنیا کو وُجُود میں لائے،
اَزل سے اَبد تک آپ ہی خُدا ہیں۔
 
آپ اِنسانوں کو یہ کہتے ہُوئے، ”پھر خاک میں لَوٹاتے ہیں کہ
اَے بنی آدمؔ! خاک میں لَوٹ جاؤ۔“
کیونکہ آپ کی نظر میں ہزار بَرس
گزرے ہُوئے کل کی مانند ہیں،
یا رات کے ایک پہر کی طرح۔*
آپ آدمیوں کو موت کے سیلاب میں بہا لے جاتے ہیں؛
وہ صُبح کو اُگنے والی گھاس کی مانند ہوتے ہیں۔
اَیسی سرسبز گھاس جو صُبح کو لہلہاتی ہے،
لیکن شام کو مُرجھاتی اَور سُوکھ جاتی ہے۔
 
ہم آپ کے قہر سے فنا ہو گئے
اَور آپ کی خفگی سے گھبرا گیٔے ہیں۔
آپ نے ہماری بد کرداریوں کو اَپنے سامنے،
اَور ہمارے پوشیدہ گُناہوں کو اَپنی حُضُوری کی رَوشنی میں رکھا ہُواہے۔
ہمارے زندگی کے تمام دِن آپ کے غضب میں بیت جاتے ہیں؛
اَور ہم اَپنے سال آہ کی طرح گزارتے ہیں۔
10 ہماری عمر کی میعاد محض ستّر بَرس ہے،
اَور اگر ہم میں قُوّت ہو تو اسّی بَرس؛
لیکن یہ عرصہ محض مشقّت اَور رنج و غم میں گزر جاتا ہے،
کیونکہ یہ دِن جلد چلے جاتے ہیں اَور ہم رخصت ہو جاتے ہیں۔
11 آپ کے قہر کی شِدّت کو کون جانتا ہے؟
کیونکہ آپ کے غضب اَور آپ کے خوف کی شِدّت یکساں ہے۔
12 ہمیں صحیح طور سے اَپنی زندگی کے دِن گننا سکھائیں،
تاکہ ہمارے دِل کو دانائی حاصل ہو۔
 
13 اَے یَاہوِہ! ترس کھایٔیں، آخِر یہ کب تک ہوتا رہے گا؟
اَپنے خادِموں پر رحم فرمائیں۔
14 صُبح کو ہمیں اَپنی لافانی مَحَبّت سے آسُودہ کریں،
تاکہ ہم خُوشی سے گائیں اَور عمر بھر شادمان رہیں۔
15 جتنے دِن آپ نے ہمیں دُکھ دیا اَور جتنے سال ہم مُصیبت میں رہے،
اُتنے ہی عرصہ تک ہمیں خُوشی عنایت فرمائیں۔
16 آپ کے کارنامے آپ کے خادِموں پر،
اَور آپ کی شوکت اُن کی اَولاد پر ظاہر ہو۔
 
17 ہمارے خُداوؔند خُدا کا لُطف و کرم ہم پر بنا رہے؛
ہمارے ہاتھوں کے کام ہمارے لیٔے کامیابی لائیں۔
آپ ہمارے ہاتھوں کے کام کو ترقّی بخشیں۔
* زبُور 90:4 1 پطر 3‏:8‏